مینگلور،5؍ نومبر (ایس او نیوز) بند پڑی ہوئی ملناڈو کاجو فیکٹری کی پرانی عمارت ڈھانے کے لئے اس میں سے لوہے کے شہتیر ہٹانے کے دوران اچانک دیوار گرنے سے عبدالقادر (48سال) نامی گجری بیوپاری (اسکریپ ڈیلر) کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ واردات مینگلور سے قریب سو کلومیٹر دور ضلع جنوبی کینرا کے سولیا میں جمعہ کے روز پیش آئی۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ فیکٹری کئی برسوں سے بند پڑی تھی ۔ اس کا سامان ہٹانے کا ٹھیکہ عبدالقادر نے لیا تھا اس لئے آج صبح کچھ مزدوروں کے ساتھ فیکٹری پہنچا ۔ جب رسی سے باندھ کر دیوار میں پیوست لوہے کا شہتیر ہٹانے کی کوشش چل رہی تھی تو اچانک پوری دیوار ہی ڈھل گئی اور عبدالقادر اس کے نیچے دب گیا اور موقع پر ہی اس نے دم توڑ دیا ۔
اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر سولیا پولیس اسٹیشن کے افسران اور عملہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال میں منتقل کردیا ۔